فیصل آباد 30 ستمبر (ڈیجیٹل اطلاع) — فیصل آباد پولیس نے تھانہ سٹی تاندلیانوالہ کے علاقہ میں پیش آنے والے 18 سالہ لڑکی کے اندھے قتل کی گتھّی سلجھا لی ہے، اور انکشاف ہوا ہے کہ مقتولہ کو اس کے اپنے ہی باپ نے مبینہ طور پر ناجائز تعلقات کے شبے میں قتل کیا۔
تفصیلات کے مطابق مقتولہ انعم کے لاپتہ ہونے کے بعد اس کے اغوا کا مقدمہ درج کروایا گیا تھا، جس میں ایک نوجوان اور اس کی فیملی کو نامزد کیا گیا تھا۔ ایس ایچ او سٹی تاندلیانوالہ احمد منیل شاہ نے مقدمے کے اندراج کے دوران معاملے کو مشکوک پایا اور گہرائی سے تفتیش شروع کی، جس سے حقائق سامنے آ گئے۔
پولیس تحقیقات کے مطابق شاطر ملزم اظہر اقبال کو شک تھا کہ اس کی بیٹی کے کسی لڑکے کے ساتھ تعلقات ہیں۔ اسی رنجش کی بنا پر ملزم نے بیٹی کو پہلے نشہ آور چیز دی اور بعد میں گلا دبا کر قتل کر دیا۔ واردات کے بعد ملزم نے حقائق چھپانے کے لیے بیٹی کی لاش قریبی ویران کنویں میں پھینک دی اور خود ہی لڑکے اور اس کی فیملی کو اغوا کے مقدمے میں نامزد کروایا۔
پولیس نے مرکزی ملزم اظہر اقبال کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
سی پی او فیصل آباد نے کہا ہے کہ ملزم کو ٹھوس شواہد کی بنیاد پر قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، اور سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔