Post Main Ad Panel
Read in English افغان آباد میں نان نہ دینے پر بدمعاشی و فائرنگ: نان شاپ میں توڑ پھوڑ، فائرنگ سے ملازم زخمی، متاثرہ فریق کی پولیس کارروائی کی اپیل

افغان آباد میں نان نہ دینے پر بدمعاشی و فائرنگ: نان شاپ میں توڑ پھوڑ، فائرنگ سے ملازم زخمی، متاثرہ فریق کی پولیس کارروائی کی اپیل

15 ویوز

فیصل آباد: 13 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع): تھانہ گلبرگ کے علاقے افغان آباد میں مبینہ غنڈہ گردی اور بدمعاشی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں گھر پر نان نہ بھیجنے کی معمولی بات پر ملزمان نے نان شاپ پر حملہ کر کے شدید توڑ پھوڑ کی اور اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دکان کا ایک ملازم فائرنگ سے زخمی ہو گیا۔

متاثرہ فریق کے مطابق ملزمان نے نان ہوم ڈیلیور نہ کرنے کی رنجش پر نہ صرف دکان میں داخل ہو کر توڑ پھوڑ کی اور عملے کو زدوکوب کیا بلکہ فائرنگ کر کے علاقے میں شدید خوف و ہراس بھی پھیلا دیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں نان شاپ کا ملازم گولی لگنے سے زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

متاثرہ دکاندار و شہریوں کا الزام ہے کہ واقعے کی باقاعدہ درخواست متعلقہ تھانہ گلبرگ پولیس کو جمع کروائے جانے کے باوجود تاحال ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی۔ متاثرہ فریق نے سی پی او فیصل آباد تنویر حسین سے واقعے کا فوری نوٹس لینے اور ملوث ملزمان کی گرفتاری و انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

Post Bottom Ad Panel