فیصل آباد میں گلبرگ سی کے علاقے میں تجاوزات کے خلاف آپریشن، متعدد غیر قانونی تعمیرات مسمار
فیصل آباد (20 اگست 2026ء): ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عوامی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) اور میونسپل کارپوریشن کی مشترکہ ٹیموں نے اسسٹنٹ کمشنر سٹی اور پیرا فورس کے ہمراہ گلبرگ سی کی گلیوں اور بازاروں میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کی۔
آپریشن کے دوران متعدد پختہ اور غیر قانونی تعمیرات کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کر دیا گیا، جبکہ گلیوں، بازاروں اور عوامی گزرگاہوں پر قائم تھڑوں، ریمپس، آہنی جنگلوں، شیڈز، گاڑیوں کے گیراجز اور دیگر رکاوٹوں کو بھی ہٹا کر راستے کلیئر کر دیے گئے۔
انتظامیہ کے مطابق تجاوزات قائم کرنے والے افراد کو پہلے ہی نوٹسز جاری کیے گئے تھے اور انہیں اپنی مدد آپ کے تحت غیر قانونی تعمیرات اور رکاوٹیں ختم کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ مقررہ مہلت کے باوجود عملدرآمد نہ ہونے پر مشترکہ آپریشن کیا گیا۔
کارروائی کے دوران عوامی راستوں پر قائم تجاوزات کو بلاامتیاز ہٹایا گیا اور گلیوں کی اصل چوڑائی بحال کرنے کے لیے رکاوٹوں کا مکمل خاتمہ کیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر ایف ڈی اے کی ٹیم نے ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج کی زیر نگرانی اور اسٹیٹ آفیسر فاران ہاشمی کی سربراہی میں آپریشن میں حصہ لیا۔ ٹیم میں اسسٹنٹ اسٹیٹ آفیسر اسلم گجر، اینٹی انکروچمنٹ انسپکٹر اسلم انصاری اور دیگر متعلقہ عملہ شامل تھا۔
میونسپل کارپوریشن کی ٹیم نے بھی ڈپٹی چیف آفیسر عظمت فردوس، اینٹی انکروچمنٹ انسپکٹر اکرم شہزاد اور واگزاری عملے کے ہمراہ کارروائی میں حصہ لیا۔
انتظامیہ نے واضح کیا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھی جائیں گی۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سرکاری اراضی، گلیوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر غیر قانونی تعمیرات یا سامان رکھ کر راستے بند کرنے سے گریز کریں۔
ایف ڈی اے حکام کے مطابق تجاوزات کے خاتمے کے بعد متعلقہ علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جائے گی تاکہ دوبارہ غیر قانونی تعمیرات قائم نہ ہو سکیں۔ دوبارہ تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، جبکہ شہریوں کی شکایات پر بھی فوری کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔
ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا کہ شہریوں کو صاف، کشادہ اور محفوظ عوامی راستوں کی فراہمی، شہر کی خوبصورتی اور منظم ترقی کو یقینی بنانا ایف ڈی اے کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے۔