فیصل آباد (19 اگست 2026): محکمہ اوقاف و مذہبی امور کے زیر اہتمام "نسل نو کا تحفظ، تعمیر اور کردار سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں" کے موضوع پر سالانہ زونل سیرت النبی ﷺ کانفرنس میونسپل کارپوریشن ہال میں منعقد ہوئی۔
کانفرنس میں کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ، ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اوقاف پنجاب محمد شاکر سندھو، اسسٹنٹ کمشنر سٹی عادل عمر، ایڈمنسٹریٹر اوقاف محمد عمران تبسم، مینیجر اوقاف شاہد ارسلان، زونل خطیب اوقاف مولانا محمد اسلم ساقی اور دیگر علما کرام نے شرکت کی۔
اس موقع پر کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ کی سیرت و تعلیمات سے وابستگی ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ کی ایسی بابرکت تقریبات میں شرکت باعثِ اعزاز ہے۔
انہوں نے محکمہ اوقاف کی جانب سے کانفرنس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن میں جشن عید میلاد النبی ﷺ شایانِ شان انداز میں منایا جائے گا۔
مقررین نے نسل نو کے تحفظ، تربیت اور کردار سازی کے حوالے سے سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات اور اسوہ حسنہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
کانفرنس کے اختتام پر ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔