ویمن پروٹیکشن سینٹر فیصل آباد نے جائیکا کے تعاون سے صنفی بنیادوں پر تشدد کے خلاف 16 روزہ مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا
فیصل آباد، 26 نومبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع): ویمن پروٹیکشن سینٹر فیصل آباد نے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے تعاون سے مقامی ہوٹل میں آگاہی اور استعداد کار بڑھانے کی تربیتی نشست کے انعقاد کے ذریعے صنفی بنیادوں پر تشدد کے خلاف 16 روزہ مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔
تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈ کوارٹرز) فیصل آباد عادل عمر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے ویمن پروٹیکشن سینٹر کی کارکردگی اور خدمات کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق فیصل آباد کو خواتین کے خلاف تشدد سے پاک ضلع بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور مہم کی آئندہ سرگرمیوں کے کامیاب انعقاد کے لیے مکمل انتظامی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ افتتاحی سیشن میں پنجاب تحفظِ خواتین برخلاف تشدد ایکٹ 2016ء کے نفاذ، ادارہ جاتی رابطہ کاری کو مضبوط بنانے اور متعلقہ سرکاری محکموں کی استعداد کار بڑھانے پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔
تربیتی سیشنز کے دوران پروفیسر ڈاکٹر امتیاز ڈوگر نے خواتین کے خلاف تشدد کے نفسیاتی پہلوؤں، ایڈووکیٹ عابینہ شہاب نے سرکاری محکموں کے کردار و باہمی رابطہ کاری کی اہمیت، جبکہ شیخ راشد علی نے پنجاب تحفظِ خواتین برخلاف تشدد ایکٹ 2016ء کی قانونی شقوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ریجنل کوآرڈینیٹر خاتون محتسب پنجاب پروفیسر خالد حسن اور اسسٹنٹ پروفیسر نازیہ ملک نے جائے کار پر خواتین کو ہراسانی سے تحفظ کے قانون کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی، جبکہ ویمن پروٹیکشن آفیسر صنم زہرا نے متاثرہ خواتین کو سینٹر میں دستیاب معاونتی خدمات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی جانب سے عوامی آگاہی اور تشدد کی رپورٹنگ کی حوصلہ افزائی کے لیے خصوصی آگاہی گیت اور دستاویزی فلم بھی جاری کی گئی۔
تقریب میں ڈائریکٹر کالجز پروفیسر بشریٰ ظفر، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر باقر حسین، ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ خاور شوکت، محکمہ پبلک پراسیکیوشن سے سعدیہ شبیر و جاوید رفیق، ڈی ایم ایل او ڈاکٹر مبین انعم، ڈاکٹر ایم علی، عائشہ صدیق (جی سی یو ایف)، ڈاکٹر عالیہ، پروبیشن آفیسر راحیل، انچارج شیلٹر ہوم طیبہ عظیم، ڈی ایس پی عامر وحید، معروف کالم نگار و ادیب جعفر حسن مبارک، کرسٹینا پیٹر ایوارڈ، فاروق بشیر (ایف پی اے پی)، صدر زینت ویلفیئر شمیلہ عثمان، جائیکا نمائندگان اسماء نعیم و اسماء ارشد، سعدیہ مقصود اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کے افسران سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔
اختتام پر ڈسٹرکٹ ویمن پروٹیکشن آفیسر کنول شہزادی نے مہمانِ خصوصی، ریسورس پرسنز، جائیکا نمائندگان اور شریک محکموں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کا تحفظ ایک اجتماعی ذمہ داری ہے اور ویمن پروٹیکشن سینٹر ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینے کے لیے پرعزم ہے جہاں خواتین کے خلاف تشدد کو نہ برداشت کیا جائے اور نہ ہی نظر انداز کیا جائے۔