تھانہ بٹالہ کالونی پولیس کی بڑی کارروائی؛ اوورسیز پاکستانی کے گھر سے ملکی و غیر ملکی کرنسی اور طلائی زیورات چوری کرنے والے 2 ملزمان گرفتار
فیصل آباد، 27 نومبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع): فیصل آباد میں تھانہ بٹالہ کالونی پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانی کے گھر سے ملکی و غیر ملکی کرنسی اور طلائی زیورات چوری کرنے کی واردات کا سراغ لگا کر ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق سی پی او فیصل آباد تنویر حسین کی خصوصی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ بٹالہ کالونی انسپکٹر فیصل رزاق کاہلوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پیشہ ورانہ مہارت اور جدید تفتیشی ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے واردات میں ملوث دونوں ملزمان کو ٹریس کر کے حراست میں لے لیا۔
کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ 57 لاکھ روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی اور 20 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔
ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش و قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔