فیصل آباد میں مبینہ پولیس مقابلہ، دو ریکارڈ یافتہ ڈاکو ہلاک
فیصل آباد، 25 اگست 2026: فیصل آباد میں پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے کے دوران دو ریکارڈ یافتہ ڈاکو ہلاک ہوگئے، جبکہ ان کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق مقابلہ تھانہ رضا آباد کے علاقے پروکیانوالہ کے قریب ہوا، جہاں سی سی ڈی اقبال ٹاؤن کے انچارج علی اکرام گورائیہ، سی سی ڈی لائل پور ٹاؤن کے انچارج حسن صدیق چیمہ اور سی سی ڈی مدینہ ٹاؤن کے انچارج سید ارم رضا شاہ کی نگرانی میں پولیس ٹیمیں کارروائی کر رہی تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت ذیشان اور گلفام کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں ملزمان مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوئے، جبکہ دیگر ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان شہریوں کو مزاحمت پر فائرنگ کرکے زخمی کرنے، موٹر سائیکلیں چھیننے اور دکانوں میں ڈکیتی سمیت 50 سے زائد مقدمات میں مطلوب تھے۔
پولیس نے دعویٰ کیا کہ ملزمان کی مبینہ وارداتوں کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہی ہیں۔
ہلاک ملزمان کی لاشیں پولیس نے قبضے میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے الائیڈ ہسپتال کے مردہ خانے منتقل کردیں۔
پولیس نے فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں تلاش شروع کردی ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔