Post Main Ad Panel
Read in English تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی تعطیلات میں توسیع؟: کیا یکم ستمبر تک بند رہیں گے؟

تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی تعطیلات میں توسیع؟: کیا یکم ستمبر تک بند رہیں گے؟

26 ویوز

(ڈیجیٹل اطلاع) موسلادھار بارشوں کے باعث تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی تعطیلات یکم ستمبر تک بڑھانے کے حوالے سے اہم خبر آگئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات میں توسیع کا امکان ہے، شدید متاثرہ اضلاع میں اسکولوں کو اگست کے وسط کے بعد بھی بند رکھنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو سفارش کی ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اسکول فوری طور پر نہ کھولے جائیں، کیونکہ مسلسل بارشوں کے باعث طلبہ، اساتذہ اور اسکول عملے کی حفاظت کو خطرات لاحق ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ اسکولوں کی بندش میں توسیع کی تجویز حتمی منظوری کے لیے محکمہ تعلیم کے پاس موجود ہے تاہم صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے اس وقت تک نہ کھولے جائیں جب تک سیلابی پانی کم نہ ہو جائے۔
پنجاب حکومت نے مون سون بارشوں سے متاثرہ اسکولوں اور دیگر سرکاری عمارتوں کا مکمل جائزہ لینے کا حکم بھی دیا، محکمہ مواصلات و تعمیرات کو ہدایت کی گئی ہے کہ متاثرہ عمارتوں کا معائنہ کرکے ایسی عمارتوں کی رپورٹ پیش کی جائے جو ناقابل استعمال یا خطرناک ہوچکی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا چوتھا اسپیل 5 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، لینڈ سلائیڈنگ اور دریاؤں، ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ہے۔
لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، مری، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، قصور، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ اور سرگودھا سمیت مختلف اضلاع میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے نشیبی شہری علاقوں میں سیلاب کے خطرے سے خبردار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں مسلسل بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

Post Bottom Ad Panel