Post Main Ad Panel
Read in English پنجاب ہائی وے پٹرول کے شہداء اور غازیوں کے بچوں کے لیے تعلیمی اداروں میں فیس کی خصوصی رعایت کا اعلان

پنجاب ہائی وے پٹرول کے شہداء اور غازیوں کے بچوں کے لیے تعلیمی اداروں میں فیس کی خصوصی رعایت کا اعلان

6 ویوز

فیصل آباد، 3 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) — پنجاب ہائی وے پٹرول کے شہداء اور غازیوں کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج، ڈویژنل ماڈل کالج اور ساندل کالج میں داخلے کے وقت فیس میں خصوصی رعایتی پیکج دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ اور ایس ایس پی پنجاب ہائی وے پٹرول مرزا انجم کمال کے درمیان ایک اہم مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔

دستخط شدہ ایم او یو کے تحت شہید کے ایک بچے کی مکمل فیس معاف کر دی گئی ہے، جبکہ ایوننگ کلاسز میں داخلے کے لیے دو بچوں کی فیس معاف ہوگی۔ اس کے علاوہ، غازیوں اور دیگر افسران و ملازمین کے ایک بچے کی ٹیوشن فیس میں 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔ کمشنر فیصل آباد نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء اور غازیوں کے خاندانوں کی خدمت ہمارا قومی فرض ہے اور اسی مقصد کے تحت یہ معاہدہ طے پایا ہے۔

تقریب میں ایس ایس پی ہائی وے پٹرول نے کمشنر فیصل آباد کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضی، ڈائریکٹر سکولز سیل/ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف چوہان، اسسٹنٹ کمشنر جنرل ڈاکٹر ذیشان احمد اور پبلک سکولز کے پرنسپلز بھی موجود تھے۔

Post Bottom Ad Panel