فیصل آباد: 7 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) سمندری میں گوجرہ روڈ گل چوک کے قریب کوزی انٹرنیشنل مل کی ایک کوسٹر موٹر سائیکل کو بچاتے ہوئے الٹ گئی، جس کے نتیجے میں مل کے 7 ورکرز زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے تمام زخمیوں کو بحفاظت بس سے باہر نکال کر موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں مزید طبی علاج کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر (THQ) ہسپتال سمندری منتقل کر دیا۔
زخمی ہونے والوں میں 30 سالہ غلام دستگیر ولد منظور حسین، 22 سالہ محمد ارسلان ولد محمد آصف، 20 سالہ زین شفیق ولد شفیق، 16 سالہ عبدالرحمان ولد دلبر حسین، 32 سالہ وسیم دلدار ولد دلدار، 21 سالہ محمد اویس ولد محمد رشید اور 20 سالہ عبداللہ ولد اشفاق شامل ہیں۔