رجانہ روڈ چک 268 گ ب کے قریب کار اور ٹریکٹر ٹرالی تصادم میں 8 افراد کے جاں بحق ہونے کا معاملہ؛ آر پی او فیصل آباد انعام الرحمن ملک کا سخت نوٹس
فیصل آباد، 26 نومبر 2026ء (ڈیجیٹل اطلاع): ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) فیصل آباد انعام الرحمن ملک نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں رجانہ روڈ پر چک نمبر 268 گ ب کے قریب کار اور ٹریکٹر ٹرالی کے خوفناک تصادم میں 4 بچوں سمیت 8 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ اخلاق اللہ تارڑ سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہاڑی سے آنے والی ایک تیز رفتار کلٹس کار مکئی سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالی سے پیچھے سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں 4 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 3 شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ اخلاق اللہ تارڑ اور ایس پی انویسٹی گیشن فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
آر پی او فیصل آباد انعام الرحمن ملک نے ہدایت جاری کی ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتال میں تمام تر بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے کر آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں۔
آر پی او انعام الرحمن ملک نے مزید زور دیا کہ شاہراہوں پر تیز رفتاری، غفلت اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی یقینی بنائی جائے کیونکہ شہریوں کو محفوظ سفر فراہم کرنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔