(ڈیجیٹل اطلاع) لاہور کے علاقے گلبرگ میں پی ٹی آئی رہنما عبداللہ طاہر کو قتل کرنے والے ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
فوٹیج میں ملزمان کو کلینک کے باہر موٹرسائیکل کھڑی کرتے دیکھا جا سکتا ہے، انہوں نے شناخت چھپانے کیلیے ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے۔ فوٹیج میں ہیلمٹ سمیت دونوں شوٹرز کو کلینک کے اندر داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کے حوالے سے قانونی کارروائی جاری ہے۔
عبداللہ طاہر کو آج لاہور میں اُس وقت قتل کیا گیا جب مقتول گلبرگ میں نجی کلینک پر روٹین چیک اپ کیلیے پہنچے تھے۔
اہلخانہ اور خاندانی ذرائع نے پی ٹی آئی رہنما کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عبداللہ طاہر لاہور میں واقع اپنی رہائش گاہ گلبرگ سے نکلے ہی تھے کہ پہلے سے گھات لگائے موٹرسائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
عبداللہ طاہر کا شمار اوکاڑہ کی اہم سیاسی شخصیات میں ہوتا تھا، انہوں نے سال 2018 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کا الیکشن بھی لڑا تھا۔