قومی کھیل ہاکی کی بحالی کے لیے عملی اقدامات، ڈویژن کے 72 سکولوں کی ٹیموں میں ہاکی کٹس تقسیم
فیصل آباد: 14 نومبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع) قومی کھیل ہاکی کی بحالی اور نئی نسل کو کھیلوں کے میدان میں آگے لانے کے لیے عملی اقدامات کے تحت ہاکی سٹیڈیم فیصل آباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں رکن صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) رانا احمد شہریار اور صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن غلام محی الدین وانی نے فیصل آباد ڈویژن کے 72 سکولوں کی ٹیموں کے طلباء و طالبات میں ہاکی کٹس تقسیم کیں۔
تقریب میں ایڈیشنل کمشنر قیصر عباس رند، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عادل عمر، ڈویژنل سپورٹس آفیسر ندیم قیصر، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ساجدہ لطیف سمیت مختلف سرکاری محکموں کے افسران، اساتذہ اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی رانا احمد شہریار نے کہا کہ سیاست سے بالاتر ہو کر فیصل آباد ڈویژن کے عوام اور نوجوانوں کے لیے ہاکی کی بحالی کا مشن جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ڈویژن کے سکولوں کے مابین باقاعدہ ہاکی مقابلے منعقد کرائے جائیں گے اور نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کو اسلام آباد میں منعقدہ ایونٹس میں شرکت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہاکی کے فروغ کے لیے نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر آگے بڑھنے کے مواقع دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پورے پاکستان کے لیے ایک آن لائن پورٹل بھی قائم کیا گیا ہے جہاں کھیلوں بالخصوص ہاکی سے متعلق ضروریات کے لیے میرٹ پر درخواستیں دی جا سکتی ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر غلام محی الدین وانی نے کہا کہ حکومتِ پاکستان اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اشتراک سے ملک بھر میں سکول ڈویلپمنٹ پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے، جس کے تحت 800 سے زائد سکولوں میں جدید ہاکی کٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان اقدامات کے نتیجے میں آئندہ ایک سے دو سال میں ہاکی کے میدان میں نمایاں مثبت تبدیلی نظر آئے گی۔ صدر پی ایچ ایف نے مزید خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد ہاکی سٹیڈیم میں جلد نئی آسٹرو ٹرف بچھائی جائے گی اور آئندہ چھ ماہ کے اندر گراؤنڈ کو مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا۔