پاکستانی ٹریول وی لاگر اور کوہ پیما اسما مشتاق 7,027 میٹر بلند اسپانٹک چوٹی کی مہم کے دوران انتقال کرگئیں۔
7 فروری 1992 کو پیدا ہونے والی اسما مشتاق کو پہاڑوں، مہم جوئی اور قدرتی مناظر سے گہری دلچسپی کے باعث کوہ پیمائی کی کمیونٹی میں پہچانا جاتا تھا۔
اسما حال ہی میں پاکستان کے قراقرم سلسلے میں واقع اسپانٹک چوٹی سر کرنے کی مہم کا حصہ بنی تھیں۔ رپورٹس کے مطابق انہوں نے اپنے گائیڈ علی اکبر کے ہمراہ کامیابی سے چوٹی سر کی اور اس وقت ان کی طبیعت بہتر تھی۔
تاہم چوٹی سے واپسی کے دوران مبینہ طور پر انہیں بلند مقام کی بیماری (High Altitude Sickness) کا سامنا کرنا پڑا۔ گائیڈ نے انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔
اسما مشتاق کی میت واپس لانے کے انتظامات کے لیے قراقرم کالنگ ٹریکس متعلقہ حکام سے رابطے اور تعاون کر رہا ہے۔
ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔
صارفین نے اسما کی پہاڑوں، ساحلوں اور قدرتی مناظر سے محبت کو یاد کرتے ہوئے ان کے لیے مغفرت اور بلندیٔ درجات کی دعائیں کیں۔