برطانیہ میں شادی کی تقریب، فرزانہ عاقب نے تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں
پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کی صاحبزادی عقبہ عاقب برطانیہ میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔
عقبہ کی والدہ اور معروف مصنفہ فرزانہ عاقب نے سوشل میڈیا پر بیٹی کی شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اس خوشی کی خبر اپنے مداحوں اور فالوورز کے ساتھ شیئر کی۔
سفید گاؤن میں نظر آئیں عقبہ عاقب
شادی کی تصاویر میں عقبہ عاقب کو سفید رنگ کے عروسی گاؤن میں دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ان کے شوہر تھری پیس سوٹ میں نظر آئے۔ تصاویر کے مطابق دونوں کے ہاتھوں پر ٹیٹو بھی موجود ہیں۔
فرزانہ عاقب نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی بیٹی کی شادی 9 اگست کو برطانیہ میں ہوئی۔
یونیورسٹی آف سسیکس سے تعلیم مکمل کی
عقبہ عاقب نے تقریباً تین سے چار سال قبل یونیورسٹی آف سسیکس سے میڈیا اور انٹرنیشنل جرنلزم میں گریجویشن مکمل کی تھی۔
فرزانہ عاقب کا ادبی سفر بھی نمایاں
عقبہ عاقب کی والدہ فرزانہ عاقب انگریزی شاعری اور ادبی کام کے حوالے سے جانی جاتی ہیں۔ ان کے فیس بک پیج پر 3 لاکھ سے زائد فالوورز موجود ہیں۔
فرزانہ عاقب 70 سے زائد انگریزی شاعری کی کتابیں تصنیف کر چکی ہیں اور مختلف بین الاقوامی ادبی اعزازات بھی حاصل کر چکی ہیں۔ انہوں نے اپنی ایک کتاب میں اسلامی تاریخ کو انگریزی شاعری کے ذریعے پیش کیا ہے۔
عاقب جاوید پاکستان کرکٹ سے وابستہ
عاقب جاوید پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر اور کوچ رہ چکے ہیں۔ وہ اس وقت پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اور چیف سلیکٹر کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
عقبہ عاقب کی شادی کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں اور کرکٹ سے وابستہ شخصیات کی جانب سے خاندان کو مبارکباد دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔