فیصل آباد: 26 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع): پولیس نے قاتل ڈور اور پتنگ سازی کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے وسیع پیمانے پر پتنگیں بنانے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے مالیت کا خام مال تحویل میں لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ منصور آباد توقیر اختر نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم فرحان مصطفی کو گرفتار کر لیا، جو بڑے پیمانے پر پتنگیں بنانے اور سپلائی کرنے میں ملوث تھا۔ پولیس نے ملزم کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کا خام مال، پتنگیں اور ڈور برآمد کر لی ہے۔
تھانہ منصور آباد پولیس نے ملزم کے خلاف کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
سی پی او فیصل آباد نے واقعے پر اپنے پیغام میں کہا کہ پتنگ بازی ایک خونی اور جان لیوا کھیل ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو اس خطرناک کھیل سے دور رکھیں۔ سی پی او نے واضح کیا کہ شہریوں کی قیمتی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور پتنگ سازوں کے خلاف بلامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔