Post Main Ad Panel
Read in English کشمیر پل کے قریب فیکٹریوں کی جانب سے مبینہ فضائی آلودگی کا پھیلاؤ، محکمہ ماحولیات کی کارکردگی پر سوالیہ نشان

کشمیر پل کے قریب فیکٹریوں کی جانب سے مبینہ فضائی آلودگی کا پھیلاؤ، محکمہ ماحولیات کی کارکردگی پر سوالیہ نشان

5 ویوز

فیصل آباد: 10 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع): فیصل آباد کے مصروف علاقے کشمیر پل کے قریب واقع فیکٹریوں سے مبینہ طور پر نکلنے والے زہریلے دھوئیں کی وجہ سے فضا شدید آلودگی کا شکار ہو گئی ہے، جبکہ ماحولیاتی ضوابط پر عملدرآمد کرانے والا محکمہ ماحولیات خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔

مقامی شہریوں اور ماحولیاتی حلقوں کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ فیکٹریوں کی چمنیوں سے نکلنے والا کالا دھواں ماحول کو زہریلا بنا رہا ہے، جس سے بالخصوص سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد، بچوں اور بزرگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکام کی جانب سے جدید کیمروں اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے بلند و بانگ دعوے صرف کاغذی کارروائی یا بیانات تک محدود دکھائی دیتے ہیں، جبکہ زمینی سطح پر فیکٹریوں کے خلاف کوئی مؤثر اور عملی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی۔

عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماحولیاتی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرنے والی صنعتوں کے خلاف سخت قانونی ایکشن لیا جائے تاکہ شہر کو سموگ اور فضائی آلودگی کے مہلک اثرات سے بچایا جا سکے۔

 

Post Bottom Ad Panel