Post Main Ad Panel
Read in English سابق سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار فیصل آباد مرتضیٰ حکیم سمیت دیگر نامزد ملزمان کے خلاف قتل اور اقدامِ قتل کا مقدمہ درج

سابق سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار فیصل آباد مرتضیٰ حکیم سمیت دیگر نامزد ملزمان کے خلاف قتل اور اقدامِ قتل کا مقدمہ درج

5 ویوز

فیصل آباد: 15 اکتوبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع): تھانہ سٹی تاندلیانوالہ کے علاقہ چک نمبر 410 گ ب میں زمین کے پرانے تنازع اور مبینہ قبضے کی کوشش کے دوران مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ واقعے کا مقدمہ مقتول محمد بوٹا کے بھائی ظفر اقبال کی مدعیت میں سابق سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار فیصل آباد مرتضیٰ حکیم اور دیگر مسلح ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق مورخہ 14 اکتوبر 2026ء کو دوپہر تقریباً 3:50 بجے، مدعی کا بھائی اور سائل موقع پر موجود تھے کہ سابق سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار مرتضیٰ حکیم، اطہر، وسیم ، اتفاق اور عمران سمیت 15 کے قریب مسلح افراد سمارٹ سٹی کالونی کے قریب واقع متنازع زمین پر آئے اور مبینہ طور پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔

مقدمے میں درج تفصیلات کے مطابق موقع پر منع کرنے پر مرکزی ملزم مرتضیٰ حکیم کی اے۔آر (آرڈر) اور لکارے پر کلاشینکوف سے سیدھا فائر کیا گیا، جو کہ محمد بوٹا کو لگا اور وہ زمین پر گر گیا اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ وقوعہ کے دوران ملزمان نے ہوائی فائرنگ کر کے علاقہ میں خوف و ہراس بھی پھیلایا۔

پولیس نے مقتول کے بھائی کی مدعیت میں سابق سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار مرتضیٰ حکیم اور ان کے ساتھیوں کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 302، 148 اور 149 کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی اور تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

Post Bottom Ad Panel