Post Main Ad Panel
Read in English ایف آئی اے فیصل آباد زون: انسانی اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی، ویزے کے نام پر فراڈ کرنے والا ملزم گرفتار

ایف آئی اے فیصل آباد زون: انسانی اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی، ویزے کے نام پر فراڈ کرنے والا ملزم گرفتار

47 ویوز

فیصل آباد/ساہیوال، 29 ستمبر (ڈیجیٹل اطلاع) — وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے) فیصل آباد زون کی ہدایات پر انسانی اسمگلنگ اور امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل ساہیوال نے کارروائی کرتے ہوئے ایک اشتہاری و نامزد ملزم کوگرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، ڈائریکٹر ایف آئی اے فیصل آباد زون ثاقب سلطان کی ہدایت اور ڈپٹی ڈائریکٹر کمپوزٹ سرکل ساہیوال محمد ہاشم رضا کی زیرِ نگرانی یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ٹیم نے چھاپہ مار کر انسانی اسمگلنگ و امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کے مقدمے میں نامزد ملزم محمد اقبال ولد عبدالجبار کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کا تعلق چک نمبر 150/9-L، تحصیل و ضلع ساہیوال سے ہے۔

ملزم کے خلاف ایف آئی آر نمبر 706/24 مورخہ 26 دسمبر 2024ء کو درج کی گئی تھی، جس میں امیگریشن آرڈیننس 1979 کی دفعات 17 اور 22 شامل ہیں۔ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزم نے مدعی سے اس کے بھتیجے کاشف کو سعودی عرب کا ورک ویزا دلوانے کے نام پر 5 لاکھ 50 ہزار روپے بٹورے تھے، مگر نہ تو وعدہ کے مطابق ویزا فراہم کیا اور نہ ہی رقم واپس کی۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ اس گھناؤنے جرم میں ملوث دیگر افراد (اگر کوئی ہوئے) کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Post Bottom Ad Panel