Post Main Ad Panel
Read in English ایف ڈی اے کا ریونیو اہداف کے حصول کے لیے نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم

ایف ڈی اے کا ریونیو اہداف کے حصول کے لیے نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم

12 ویوز

 

فیصل آباد (19 اگست 2026ء): ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری نے ریونیو ریکوری کے مقررہ اہداف کے حصول کے لیے جاری اقدامات کو مزید مؤثر بنانے اور نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیا ہے۔

انہوں نے یہ ہدایات سرکاری واجبات کی وصولی اور ریونیو اہداف کے حصول میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹرز اسماء محسن، جنید حسن منج، یاسر اعجاز چٹھہ، افنان سعید سندھو اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں مختلف شعبہ جات کی ریونیو ریکوری، واجبات کی وصولی، زیر التوا کیسز اور آمدن کے مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والی رقوم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے مقررہ ریونیو اہداف، اب تک کی وصولیوں اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق بریفنگ دی۔

محمد آصف چوہدری نے ہدایت کی کہ ریونیو اہداف کے حصول کے لیے جامع اور مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے واجبات کی وصولی کا عمل تیز کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے کی مالی خودکفالت اور ترقیاتی سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے ریونیو ریکوری بنیادی اہمیت رکھتی ہے، اس لیے اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو فیلڈ میں مؤثر نگرانی، ریکارڈ کو بروقت اپ ڈیٹ رکھنے اور ریونیو سے متعلق معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایت بھی کی۔

ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ایف ڈی اے کے مالی وسائل میں اضافہ، ریونیو ریکوری کے نظام میں بہتری اور ادارے کی آمدن کو مستحکم بنانا انتظامی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

 
 
 
Post Bottom Ad Panel