ایف ڈی اے: شہریوں کی درخواستوں پر بروقت کارروائی اور سروس ڈیلیوری بہتر بنانے کی ہدایت
فیصل آباد: 6 اکتوبر(ڈیجیٹل اطلاع)--- ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر محکمانہ امور اور شعبہ جاتی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ون ونڈو کاؤنٹر، ای خدمت مرکز، "ای بز" پنجاب پورٹل اور دیگر ذرائع سے موصول ہونے والی درخواستوں پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند نے افسران اور متعلقہ اسٹاف کو ہدایت کی کہ شہریوں کی درخواستوں کو مقررہ مدت کے اندر نمٹایا جائے اور غیر ضروری تاخیر سے ہر صورت گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ درخواستوں کو بلاوجہ زیر التواء رکھنے کی بجائے ضوابط کے مطابق فوری فیصلے کیے جائیں اور آن لائن پورٹلز کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایف ڈی اے میں سروس ڈیلیوری کو مزید مؤثر، شفاف اور شہری دوست بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں جنید حسن منج، اسماء محسن، عاصم محمود، یاسر اعجاز چٹھہ، عدنان شہزاد، افضال انصاری، عبداللہ نور، عثمان رامے، خوشنود احمد اور محمد بلال سمیت مختلف شعبہ جات کے افسران نے شرکت کی۔