Post Main Ad Panel
Read in English فیصل آباد: غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کے خلاف ایف ڈی اے کا آپریشن، تعمیرات مسمار

فیصل آباد: غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کے خلاف ایف ڈی اے کا آپریشن، تعمیرات مسمار

9 ویوز

 

فیصل آباد، 21 اگست 2026: ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور غیر منظور شدہ ڈویلپمنٹ کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے ستیانہ روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے حنا ریذیڈینشل کے نام سے قائم غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کے تعمیراتی ڈھانچوں اور دیگر غیر قانونی تعمیرات کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردیا۔

ایف ڈی اے حکام کے مطابق ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ ٹو اسماء محسن کی زیر نگرانی اور اسٹیٹ آفیسر فاران ہاشمی کی سربراہی میں ٹیم نے ستیانہ روڈ کے اطراف قائم اور زیر تعمیر ہاؤسنگ سکیموں کا ریکارڈ اور قانونی حیثیت چیک کی۔ اس دوران چک نمبر 225 ر ب کی اراضی پر غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کے قیام اور ڈویلپمنٹ کی نشاندہی ہوئی۔

ایف ڈی اے ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر موجود چار دیواری، تعمیراتی ڈھانچوں اور دیگر غیر قانونی تعمیرات کو بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کردیا۔

انتظامیہ نے متعلقہ ڈویلپر کو ہدایت کی کہ ہاؤسنگ سکیم کے قیام اور ڈویلپمنٹ کے لیے تمام قانونی، تکنیکی اور محکمانہ تقاضے مکمل کرنے کے بعد ہی تعمیراتی سرگرمیاں شروع کی جائیں۔

حکام نے خبردار کیا کہ منظوری کے بغیر غیر قانونی ڈویلپمنٹ یا آئندہ کسی خلاف ورزی کی صورت میں ایف ڈی اے قوانین کے تحت محکمانہ کارروائی کے ساتھ فوجداری مقدمہ بھی درج کیا جاسکتا ہے۔

ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا کہ شہریوں کے مفادات کا تحفظ اور غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کی حوصلہ شکنی ایف ڈی اے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور غیر منظور شدہ تعمیرات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جائیں۔

ایف ڈی اے نے شہریوں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ کسی ہاؤسنگ سکیم میں پلاٹ خریدنے یا سرمایہ کاری سے قبل اس کی قانونی حیثیت، منظوری اور متعلقہ این او سی کی مکمل تصدیق کریں تاکہ مستقبل میں مالی نقصان اور قانونی پیچیدگیوں سے بچا جاسکے۔

 
 
Post Bottom Ad Panel