ناقص تفتیش اور اختیارات سے تجاوز، فیصل آباد آر پی او نے انسپکٹر کو سب انسپکٹر بنا دیا
فیصل آباد: آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا نے محکمہ پولیس میں خود احتسابی کے عمل کو مزید مؤثر بناتے ہوئے ناقص تفتیش اور اختیارات سے تجاوز پر انسپکٹر افتخار سلیقہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کو رینک میں تنزلی کرتے ہوئے انسپکٹر سے سب انسپکٹر کر دیا۔
آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے کہا کہ محکمہ پولیس میں احتساب کا عمل بلاامتیاز جاری ہے اور کسی بھی افسر یا اہلکار کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن میں ملوث اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جا رہی ہے جبکہ کرپٹ، نااہل، غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران کے لیے محکمہ میں کوئی جگہ نہیں۔
آر پی او نے کہا کہ کرپٹ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری رہے گا۔ فرض شناس اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ بدعنوان اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف خود احتسابی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ محکمانہ نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔
سہیل اختر سکھیرا نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور پولیس افسران و اہلکاروں کو قانون اور میرٹ کے مطابق فرائض انجام دینا ہوں گے۔