فیصل آباد میں 12 ربیع الاول کے سیکیورٹی پلان کا اعلان، 3 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے
فیصل آباد، 25 اگست 2026: فیصل آباد پولیس نے 12 ربیع الاول کے موقع پر جلوسوں اور محافلِ میلاد کی سیکیورٹی کے لیے جامع سیکیورٹی پلان جاری کردیا ہے، جس کے تحت 3 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے۔
پولیس کے مطابق فیصل آباد میں 12 ربیع الاول کے موقع پر 143 جلوس اور 20 محافل منعقد ہوں گی۔ تمام جلوسوں کے روٹس اور محافل کے مقامات پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق شرکاء کی مکمل چیکنگ کے لیے جلوسوں اور محافل کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں گے، جبکہ مشکوک افراد اور سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے اضافی نفری بھی تعینات کی جائے گی۔
سی پی او فیصل آباد تنویر حسین کی ہدایت پر ایلیٹ فورس کی ٹیمیں اور محافظ اسکواڈ جلوسوں کے ساتھ گشت کریں گے، جبکہ ایلیٹ فورس اور ڈولفن فورس کو جلوسوں اور میلاد پروگرامز کے روٹس پر بھی تعینات کیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق جلوسوں کے روٹس کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جائے گی۔ سیکیورٹی انتظامات کی براہِ راست نگرانی کے لیے خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے۔
ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی خصوصی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں تاکہ جلوسوں کے دوران شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ تھانے یا پولیس ہیلپ لائن پر دیں۔
سی پی او فیصل آباد کے مطابق امن و امان برقرار رکھنے اور 12 ربیع الاول کے پروگرامز کو محفوظ بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔