فیصل آباد، 14 اگست 2026 — پاکستان کا 79واں یوم آزادی فیصل آباد میں قومی عزم، اتحاد اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا، جہاں شہریوں اور سرکاری افسران نے ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنے عزم کی تجدید کی۔
یوم آزادی کی مرکزی تقریب کمشنر کمپلیکس فیصل آباد میں منعقد ہوئی۔ صبح 7 بج کر 58 منٹ پر سائرن بجایا گیا، جس کے بعد قومی ترانے کی دھن پر کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ، آر پی او سہیل اختر سکھیرا، ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق اور دیگر شخصیات نے قومی پرچم لہرایا۔
پنجاب پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، جبکہ سول ڈیفنس، بوائز اسکاؤٹس، پیرا فورس، موٹر بائیکس ریسکیو 1122، ستھرا پنجاب، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ایجنسی، واسا، میونسپل کارپوریشن اور انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی سمیت مختلف اداروں کی گاڑیوں نے مارچ پاسٹ کیا۔
تقریب میں طلبہ نے ملی نغموں اور ٹیبلوز کے ذریعے قومی جذبے کا اظہار کیا۔ بزرگوں، خواتین، بچوں، علما، تاجروں اور سرکاری افسران سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے قومی پرچم تھام کر اتحاد اور وطن سے محبت کا پیغام اجاگر کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا کہ یوم آزادی ہمیں یہ عہد کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ملک کی ترقی میں ہر شہری اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے فیصل آباد ڈویژن کے عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد بھی دی۔
دیگر مقررین نے آزادی کی اہمیت، قیام پاکستان کے لیے بانیانِ پاکستان کی قربانیوں اور ملکی ترقی میں اجتماعی کردار پر روشنی ڈالی اور پاکستان کی خوشحالی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب کے اختتام پر یوم آزادی کا کیک کاٹا گیا اور پاکستان کی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر مشترکہ طور پر پودا بھی لگایا گیا۔
بعد ازاں کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے رکن صوبائی اسمبلی میاں طاہر جمیل کے ہمراہ الائیڈ ہسپتال 2 میں پرچم کشائی کی۔ انہوں نے مختلف وارڈز میں زیرعلاج مریضوں میں مٹھائی تقسیم کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
کمشنر نے طبی سہولیات فراہم کرنے والے ہسپتال کے عملے میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔