Post Main Ad Panel
Read in English ڈپٹی کمشنر کی افسران کو فیلڈ میں متحرک رہنے اور عوامی مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت

ڈپٹی کمشنر کی افسران کو فیلڈ میں متحرک رہنے اور عوامی مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت

15 ویوز

 

فیصل آباد، 21 اگست 2026: ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیرِ صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلعی انتظامیہ کی فیلڈ سرگرمیوں اور عوامی سہولیات کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز انور علی، مدثر ممتاز، مراد حسین نیکوکارا، سارا زینب، شرینہ جنجوعہ، اسسٹنٹ کمشنر سٹی عادل عمر، اسسٹنٹ کمشنر صدر ڈاکٹر ذوالقرنین سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ستھرا پنجاب، صفائی ستھرائی، تجاوزات کے خاتمے، ٹریفک کی روانی، عوامی شکایات کے ازالے، سرکاری اداروں کی سروس ڈیلیوری اور مختلف عوامی فلاحی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی خدمت کے وژن کے مطابق تمام افسران باقاعدگی سے فیلڈ میں نکلیں اور شہریوں کے مسائل فوری حل کریں۔

انہوں نے ستھرا پنجاب کی کارکردگی اور شہر میں صفائی کی صورتحال کی روزانہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی، جبکہ ویسٹ کنٹینرز اور ویسٹ بنز کی مناسب برانڈنگ یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔

ڈپٹی کمشنر نے گٹروں سے نکلنے والے پانی کی فوری صفائی اور نکاسی کے لیے واسا کے ساتھ مؤثر رابطہ رکھنے اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بہترین صفائی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہر ماہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے کم از کم ایک نیا اقدام متعارف کرانے کی ہدایت کی۔ ان اقدامات میں پارکس کی بہتری، وال پینٹنگ، شہری علاقوں میں لین مارکنگ اور ٹریفک سیفٹی کے منصوبے شامل ہوں گے۔

محمد نعمان صدیق نے ہر تحصیل میں پیڈل کورٹ اور کرکٹ ایرینا کے قیام کے لیے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

انہوں نے پیرا اسٹاف کے خلاف موصول ہونے والی شکایات کے ازالے کے لیے باقاعدہ ڈیوٹی شیڈول مرتب کرنے اور شکایات کا بروقت حل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اسسٹنٹ کمشنرز کو میٹرو روٹس کے باقاعدگی سے دورے کرنے، تجاوزات ختم کرنے اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کا بھی حکم دیا گیا۔ ریڑھی بانوں کے لیے مؤثر میکانزم اور مزید ریڑھی بازار قائم کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ مین روڈز پر ریڑھیاں نظر نہیں آنی چاہئیں، اس مقصد کے لیے مناسب متبادل مقامات فراہم کیے جائیں۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو سب رجسٹرار دفاتر، اراضی ریکارڈ سنٹرز اور ای خدمت مراکز کے دورے کرنے، شہریوں سے براہِ راست ملاقات کرنے اور سروس ڈیلیوری کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔

افسران کو ہسپتالوں اور رورل ہیلتھ سنٹرز کے دورے کرنے اور مریضوں سے طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور دیگر مسائل کے بارے میں براہِ راست معلومات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ افسران کی فیلڈ میں موجودگی، عوامی مسائل کی نشاندہی اور ان کے فوری حل سے ہی گڈ گورننس اور بہتر سروس ڈیلیوری یقینی بنائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں اور عوامی خدمت کو اولین ترجیح دیں۔

Post Bottom Ad Panel