Post Main Ad Panel
Read in English ون ویلنگ میں ملوث 5 ملزمان گرفتار، تھانہ غلام محمد آباد اور رضا آباد میں مقدمات درج

ون ویلنگ میں ملوث 5 ملزمان گرفتار، تھانہ غلام محمد آباد اور رضا آباد میں مقدمات درج

61 ویوز

فیصل آباد: 14 نومبر 2026 (ڈیجیٹل اطلاع) ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) فیصل آباد انعام الرحمن ملک کی خصوصی ہدایت اور چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) ناصر جاوید کی زیرِ نگرانی ون ویلنگ کرنے والے عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پولیس نے غلام محمد آباد کے علاقے میں ون ویلرز کی پکڑ دھکڑ کے لیے سادہ لباس میں خصوصی ٹیم تعینات کی، جس نے مسلسل نگرانی اور مؤثر حکمتِ عملی کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ون ویلنگ میں ملوث 5 نوجوانوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں سے 4 کے خلاف تھانہ غلام محمد آباد جبکہ ایک ملزم کے خلاف تھانہ رضا آباد میں باقاعدہ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

اس موقع پر آر پی او فیصل آباد انعام الرحمن ملک نے اپنے پیغام میں کہا کہ ون ویلنگ محض تفریح نہیں بلکہ ایک انتہائی خطرناک اور جان لیوا سرگرمی ہے جو قیمتی انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند لمحوں کا ایڈونچر کسی گھر کا چراغ بجھا سکتا ہے اور خاندانوں کو عمر بھر کے غم میں مبتلا کر سکتا ہے، اس لیے نوجوان وقتی سنسنی اور دکھاوے کی خاطر اپنی اور دوسروں کی زندگیاں خطرے میں نہ ڈالیں۔ آر پی او نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی نقل و حرکت اور سرگرمیوں پر خصوصی نظر رکھیں، موٹر سائیکل دیتے وقت ان کی عمر اور ڈرائیونگ کی مہارت کا خیال رکھیں کیونکہ والدین کی تھوڑی سی توجہ قیمتی انسانی جان بچا سکتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ون ویلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

Post Bottom Ad Panel