سلام آباد: کیپٹن محمد سہیل چوہدری نے بطور انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔
نئے آئی جی اسلام آباد کی سنٹرل پولیس آفس آمد پر پولیس افسران اور جوانوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ اس موقع پر کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب بھی منعقد ہوئی۔
چارج سنبھالنے کے بعد کیپٹن محمد سہیل چوہدری نے پولیس افسران سے تعارفی ملاقاتیں کیں اور پیشہ ورانہ امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ لی۔ انہوں نے سنٹرل پولیس آفس کے اسٹاف سے بھی ملاقات کی اور مختلف امور پر گفتگو کی۔
نئے آئی جی اسلام آباد نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
کیپٹن محمد سہیل چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد میں امن و امان کا قیام اور شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ شہریوں کو بروقت اور مؤثر پولیس سروسز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ میرٹ، شفافیت اور قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا جبکہ جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا جائے گا، ٹریفک مینجمنٹ اور عوامی سہولیات میں بہتری لائی جائے گی جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے پولیسنگ کے نظام کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔
انہوں نے پولیس افسران اور جوانوں پر زور دیا کہ وہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ رویے کا مظاہرہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط کیا جائے گا جبکہ احتساب اور نظم و ضبط کو بھی مؤثر بنایا جائے گا۔
کیپٹن محمد سہیل چوہدری نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور اسلام آباد پولیس ان کے مشن کو آگے بڑھائے گی۔