راولپنڈی (12 اگست 2026): بلوچستان کے ضلع سوراب میں گاڑی میں بارودی مواد نصب کرنے کے دوران دھماکے کے نتیجے میں 8 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ بعد ازاں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں مزید 10 دہشتگرد مارے گئے۔ واقعے میں تین شہری بھی شہید ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سوراب میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشتگرد ایک گاڑی میں دھماکا خیز مواد نصب کر رہے تھے کہ اس دوران زور دار دھماکا ہوگیا، جس کے نتیجے میں 8 دہشتگرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے کے بعد موقع پر موجود دیگر بارودی مواد بھی پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں قریبی علاقے میں موجود تین شہری شہید ہوگئے۔
سیکیورٹی فورسز کا فوری کلیئرنس آپریشن
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کا سراغ لگانے کے لیے مشترکہ کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔
ترجمان کے مطابق فورسز نے فرار ہونے والے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگایا اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے مزید 10 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
18 دہشتگرد ہلاک، 2 اہلکار زخمی
آئی ایس پی آر کے مطابق مختلف کارروائیوں میں اب تک فتنہ الہندوستان سے وابستہ 18 دہشتگرد ہلاک کیے جاچکے ہیں، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کے دو اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے اور ان کے سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے انسدادِ دہشتگردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔