Post Main Ad Panel
Read in English سموگ کا تدارک: فیصل آباد میں 10 مزید اینٹی سموگ گنز پہنچ رہی ہیں، اے ڈی سی انفورسمنٹ مراد حسین نیکوکارہ

سموگ کا تدارک: فیصل آباد میں 10 مزید اینٹی سموگ گنز پہنچ رہی ہیں، اے ڈی سی انفورسمنٹ مراد حسین نیکوکارہ

8 ویوز

فیصل آباد: 7 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع)فیصل آباد: ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ مراد حسین نیکوکارہ کی زیرِ صدارت ایپٹیپما  کے نمائندوں کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (EPA) ڈاکٹر طاہر عباس اور ایپٹیپما کے عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سموگ کے تدارک، صنعتوں سے خارج ہونے والے دھوئیں کی مانیٹرنگ، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، معیاری ایندھن کے استعمال اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ فیصل آباد میں سموگ کی روک تھام اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے مزید 10 اینٹی سموگ گنز پہنچ رہی ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ نے کہا کہ سموگ آنے سے پہلے ہی اس کے سدباب کے لیے مؤثر اور پیشگی اقدامات اٹھانا انتہائی ضروری ہے، کیونکہ ایک صحت مند اور صاف ماحول ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ انڈسٹری سے نکلنے والے دھوئیں کی مؤثر مانیٹرنگ کو یقینی بنانے کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر کے ان کی لائیو فیڈ فراہم کی جائے، اور اس حوالے سے قوانین کی مکمل تعمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے سب اسٹینڈرڈ (غیر معیاری) فیول کے استعمال پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صنعتوں کو پائیدار اور ماحول دوست خطوط پر چلانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

مراد حسین نیکوکارہ نے مزید کہا کہ سموگ کے تدارک کے لیے صنعتی شعبے کا تعاون انتہائی کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دی جائے گی، تاہم ماحولیاتی قوانین کی پاسداری اور ان پر عملدرآمد ہر صورت لازمی قرار دیا جائے گا۔

 

Post Bottom Ad Panel