ڈکیتی کا ایک اور ڈرامہ ناکام: جھوٹی کال پر پولیس کو گمراہ کرنے والا ملزم نقاش عمر گرفتار، سی پی او فیصل آباد کا سخت قانونی کارروائی کا انتباہ
فیصل آباد: 9 اکتوبر (ڈیجیٹل اطلاع) ایمرجنسی ہیلپ لائن کا غلط استعمال کر کے پولیس کو گمراہ کرنے کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں تھانہ منصورہ آباد پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کا جھوٹا ڈرامہ رچانے والے ملزم کوگرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم نقاش عمر نے "ریسکیو 15" پر کال کر کے اطلاع دی تھی کہ نامعلوم ملزمان نے اس سے مسلح ہو کر نقدی اور موبائل فون چھین لیا ہے۔ تاہم، تھانہ منصورہ آباد پولیس نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر جب شواہد اور حقائق کی جانچ پڑتال کی تو ڈکیتی کی واردات کا دعویٰ سراسر جھوٹ نکلا، اور مبینہ طور پر چھین لیا جانے والا "موبائل فون" خود ملزم کے اپنے پاس ہی موجود تھا۔ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزم نے مبینہ طور پر جھوٹا مقدمہ درج کروانے کی غرض سے اس بوگس کال کا سہارا لیا تھا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم نقاش عمر کو حراست میں لے کر اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
سی پی او فیصل آباد نے اس واقعے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایک بار پھر دوٹوک الفاظ میں تنبیہ کی ہے کہ ایمرجنسی 15 سروس کا غلط استعمال کرنے اور پولیس کو جھوٹی یا من گھڑت اطلاعات دے کر وقت اور وسائل ضائع کرنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی، اور ایسے افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔