Home / حادثات / شالیمار ایکسپریس کا ٹریکٹر ٹرالی سے تصادم: 10 زخمی

شالیمار ایکسپریس کا ٹریکٹر ٹرالی سے تصادم: 10 زخمی

کراچی سے لاہور جانے والی شالیمار ایکسپریس چک جھمرہ کے قریب ریلوے کراسنگ پر اینٹوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے کے باعث ٹرین کی 12 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں ٹرین ڈرائیور سمیت 10 سے زائد مسافر زخمی ہوگئے۔
ریلوے حکام کے مطابق یہ تصادم بغیر پھاٹک ریلوے کراسنگ پر کھڑی اینٹوں سے لدی ٹریکٹر ٹرالی کی وجہ سے ہوا ۔ ٹرین پٹڑی سے اترنے کی وجہ سے اس روٹ پر ریل گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہو گئی۔ علاوہ ازیں قراقرم ایکسپریس (اپ) کو ساہیوال سے لاہور کی طرف موڑ دیا گیا جبکہ رحمان بابا ایکسپریس اور پاکستان ایکسپریس (اپ) کو بھی دوسرے روٹ پر منتقل کیا گیا۔ اسی طرح پاکستان ایکسپریس (ڈاؤن) کو لالہ موسیٰ سے سرگودھا کی طرف ری ڈائریکٹ کر دیا گیا جبکہ شالیمار ایکسپریس (ڈاؤن) نے ساہیوال سے کراچی کے لیے اپنا سفر جاری رکھا اور بدر ایکسپریس ٹرینیں 111 اور 112 کو دن بھر کے لیے منسوخ کر دیا گیا۔

اس حادثے کے چار زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں ملتان کا 20 سالہ اسماعیل، عباس پور کا 33 سالہ غلام جیلانی اور 58 سالہ ذوالفقار علی جبکہ سمندری کا 43 سالہ وحید احمد شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق گذشتہ شب چک نمبر 142 گھڑتل پھاٹک سے گزرتے ہوئے اینٹوں سے لدی ٹریکٹر ٹرالی ریلوے لائن کے اوپر پھنس گئی ، شالیمار ایکسپریس کو آتا دیکھ کر ڈرائیور نے ٹریکٹر کو الگ کیا اور ٹرالی ریلوے لائن پر ہی چھوڑ دی جس کے نتیجہ میں تیز رفتار ٹرین زور دار دھماکہ سے ٹرالی سے ٹکرائی اور 100 میٹر دور تک گھسیٹی ہوئے لے گئی ۔

دریں اثناء پاکستان ریلوے کے سی ای او امیر علی بلوچ نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور جاری کلیئرنس آپریشن کا جائزہ لیا۔ رات گئے تک ریلوے ٹریک کی بحالی کا کام جاری تھا ۔ ذرائع کے مطابق ریلوے کراسنگ پر تعینات گارڈ گزشتہ سال تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے نوکری چھوڑ گیا تھا ۔ساہیانوالہ پولیس نے بلا نمبری ٹریکٹر ٹرالی کے نامعلوم ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر کے اس کی تلاش شروع کردی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *