فیصل آباد ۔۔۔۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں پروفیسر محبوب الزماں بٹ اور یاسر کھارا ایڈووکیٹ نے شہر میں سٹریٹ کرائمز کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی پولیس کی کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں روزانہ کی بنیاد پر موٹر سائیکل اور موبائل فون چھیننے کی درجنوں وارداتیں پولیس کی ناکامی کا کھلا ثبوت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر کھلے عام دندناتے پھر رہے ہیں جبکہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔
رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر عوام نے خود چوروں اور ڈاکوؤں کا مقابلہ شروع کر دیا تو یہ صورتحال کسی بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا تیسرا بڑا شہر فیصل آباد اقتصادی و ترقیاتی بحرانوں کے ساتھ ساتھ بدامنی کا بھی شکار ہے۔ ڈکیتی، چوری اور دیگر جرائم نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جبکہ مہنگائی، بیروزگاری اور معاشی بدحالی سے عوام شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا ہیں۔
رہنماؤں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر امن و امان کی بحالی کو یقینی بنایا جائے، شہریوں کی جان، مال اور عزت کا تحفظ کیا جائے، اور جرائم کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے۔ انہوں نے تجویز دی کہ شہریوں کو اپنی حفاظت کے لیے اسلحہ رکھنے کی اجازت دی جائے تاکہ وہ اپنی جان و مال کا دفاع کر سکیں۔


