ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے سائنسدانوں کی متعارف کردہ نئی اقسام اور جدید کاشتکاری تکنیک کے نتیجے میں پاکستان گندم پیداوار کے اعتبار سے دنیا کے چھ بڑے ممالک میں شامل ہو گیا۔ گزشتہ سال ملک بھر میں 31.8 ملین ٹن کی ریکارڈ فصل حاصل ہوئی۔
چیف سائنٹسٹ ڈاکٹر ساجد الرحمٰن نے قومی گندم کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں بتایا کہ پنجاب میں اب تک ایک کروڑ 60 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر گندم کی کاشت کی گئی، اور مارچ میں ہونے والی بارشوں نے موسم کو بہتر بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارے نے گندم، سبزیوں، پھلوں اور چارہ جات کی 710 سے زائد نئی اقسام متعارف کرائی ہیں۔
کانفرنس میں نیشنل کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محمد یعقوب اور ملک بھر سے آئے زرعی ماہرین، محقیقین، پالیسی ساز اور اکیڈیمیا کے نمائندگان نے شرکت کی۔ شرکاء نے کم پانی میں زیادہ پیداوار دینے والی ہائی زنک گندم کی اقسام اور زیرِ عمل فیلڈ ٹرائلز کا بھی معائنہ کیا، خاص طور پر ڈاکٹر جاوید احمد کی قیادت میں جاری تحقیقی منصوبوں کو سراہا گیا۔
کانفرنس کا مقصد ماحولیاتی تبدیلیوں، پانی کی قلت اور درجہ حرارت میں اضافے جیسے چیلنجز کے پیش نظر مشترکہ سائنسی و تحقیقی کوششوں کو فروغ دینا ہے۔ ڈاکٹر ساجد الرحمٰن نے امید ظاہر کی کہ یہ اجلاس گندم پیدا کرنے والے ممالک کے مابین تعاون کی نئی راہیں کھولے گا۔


