وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بلال یاسین نے آج فیصل آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شہر کے مختلف ترقیاتی منصوبوں اور “اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کا تفصیلی معائنہ کیا۔
سب سے پہلے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور واسا، ایف ڈی اے و پی ایچ اے کے افسران کے ہمراہ اجلاس منعقد ہوا جس میں زیرِ تکمیل سڑکوں، سیوریج اور واٹر سپلائی منصوبوں کی رفتار، شفافیت اور معیار پر بریفنگ دی گئی۔ بلال یاسین نے کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے اور عوامی فنڈز کے موثر استعمال کے لیے سخت ہدایات جاری کیں۔
بعد ازاں صوبائی وزیر ملک پور نعمت آباد میں “اپنی چھت اپنا گھر” کے ماڈل پراجیکٹ کا معائنہ کرنے کے لیے روانہ ہوئے۔ وہاں انہوں نے زیرِ تعمیر گھروں کا دورہ کیا اور کم آمدن خاندانوں سے براہِ راست ملاقات کی، جنہوں نے رہائشی سہولتوں کی فراہمی پر پروگرام کی تعریف کی۔
اخوت کے دفتر کا دورہ بھی بلال یاسین نے کیا جہاں چیئرمین امجد ساقب نے قرضوں کی فراہمی اور واجبات کے ڈھانچے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے اختتام تک 40 ہزار نئے مکانات مکمل کر لیے جائیں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ “اپنی چھت اپنا گھر” وزیراعلیٰ مریم نواز کا ایک تاریخی اقدام ہے جو کم آمدن طبقات کو باوقار رہائش فراہم کرے گا اور روزانہ مانیٹرنگ کے ذریعے ہر پراجیکٹ کا معیار یقینی بنایا جا رہا ہے۔ دورے میں سابق اراکین اسمبلی میاں طاہر جمیل، میاں منان، میاں عرفان منان، فقیر حسین ڈوگر، حاجی اکرم انصاری، رانا علی عباس اور مہر حامد رشید سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔


