Home / کرائم / آر پی او فیصل آباد کا تھانہ کر کا اچانک دورہ، ریکارڈ میں کوتاہی پر محرر معطل

آر پی او فیصل آباد کا تھانہ کر کا اچانک دورہ، ریکارڈ میں کوتاہی پر محرر معطل

ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) فیصل آباد ذیشان اصغر نے سپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشن تھانہ کر کا فارمل انسپکشن کیا۔ اس موقع پر انہوں نے تھانے کی صفائی ستھرائی، عمارت کی حالت، فرنٹ ڈیسک، مال خانہ، حوالات اور بند ملزمان کی تفصیلات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انسپکشن کے دوران رجسٹر ہائے تھانہ جات کی جانچ پڑتال کی گئی جبکہ SIPs (سپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشن) کے تحت عوام کو دی جانے والی سہولیات کا بھی بغور مشاہدہ کیا گیا۔ ریکارڈ مکمل نہ ہونے پر آر پی او نے محرر تھانہ کر کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

آر پی او ذیشان اصغر نے ہدایت کی کہ تھانے میں سپیشل انیشیٹو کے تحت مقرر کردہ پروٹوکول کو مکمل طور پر نافذ کیا جائے اور عوام کو بہترین سروس ڈیلیوری کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

تھانہ کر میں صدر ڈویژن کے پولیس افسران سے کرائم میٹنگ

انسپکشن کے بعد آر پی او فیصل آباد کی زیر صدارت تھانہ کر میں صدر ڈویژن کے پولیس افسران کے ساتھ ایک اہم کرائم میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں ایس پی صدر ڈویژن محمد طاہر، تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔

اجلاس میں صدر ڈویژن میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کی شرح، زیر تفتیش مقدمات اور افسران کی انفرادی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ آر پی او نے ہدایت کی کہ زیر التواء مقدمات کو بروقت پراسیکیوشن برانچ سے کلیئر کرایا جائے اور گشت کے نظام کو مزید مؤثر بنا کر جرائم کی روک تھام کی جائے۔

میٹنگ کے دوران اچھی کارکردگی پر ایس ایچ او تھانہ باہلک اور ایس ایچ او تھانہ گڑھ کو تعریفی اسناد دی گئیں۔

“پبلک سروس میں بہتری ہمارا مشن ہے” — ذیشان اصغر

آر پی او ذیشان اصغر نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *